لاہور(پنجاب پوسٹ) پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار مرحوم سلطان راہی سے متعلق دیے گئے متنازع بیان پر ان کے صاحبزادے اور اداکار حیدر سلطان نے سینئر اداکار فردوس جمال کو سخت جواب دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس جمال نے سلطان راہی کی اداکاری پر تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سلطان راہی کے پاس روایتی اداکاری کا ہنر نہیں تھا بلکہ وہ بلند آواز اور بھرپور توانائی کے ذریعے کردار نبھاتے تھے۔
اس بیان کے بعد حیدر سلطان نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے فردوس جمال اور پروگرام کے پروڈیوسر کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ حیدر سلطان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے بارے میں غیر ضروری اور نامناسب گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر نبیحہ نے خلع کا دعویٰ واپس لے لیا، فیملی کورٹ نے درخواست خارج کر دی
انہوں نے فردوس جمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک سینئر فنکار ضرور ہیں، مگر آپ کو میرے والد کے بارے میں اس انداز میں بات کرنے کا کوئی حق نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سلطان راہی ایک عظیم اداکار اور بہترین انسان تھے، جن کی خدمات کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
حیدر سلطان نے کہا کہ چند تنقیدی جملوں سے سلطان راہی کے فن یا مقام میں کوئی کمی نہیں آسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد نے اپنی محنت سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ اسے عروج تک پہنچایا۔
انہوں نے پروگرام کے پروڈیوسر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی گفتگو نشر نہیں ہونی چاہیے تھی، خاص طور پر اس شخصیت کے بارے میں جس نے انڈسٹری کے لیے بے شمار خدمات انجام دیں۔
یاد رہے کہ سلطان راہی پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے پنجابی فلموں کو عالمی سطح پر پہچان دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔













