لاہور (پنجاب پوسٹ) سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ڈاکٹر نبیحہ علی کی جانب سے شوہر حارث کھوکھر کے خلاف دائر خلع کی درخواست پر فیملی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے دعویٰ واپس لینے کی بنیاد پر درخواست خارج کر دی۔
فیملی کورٹ کی جج مس انسہ یوسف نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل مدثر چوہدری نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر نبیحہ علی اپنا گھر بسانا چاہتی ہیں، اس لیے وہ خلع کا دعویٰ واپس لینا چاہتی ہیں۔
وکیل مدثر چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر نبیحہ علی کو خلع کی درخواست واپس لینے پر آمادہ کیا، جبکہ صلح کے لیے حارث کھوکھر اور ان کے اہل خانہ سے متعدد ملاقاتیں بھی کی گئیں، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان راضی نامہ طے پا گیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے دعویٰ واپس لینے کے لیے بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا کی اور عدالت سے درخواست خارج کرنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے خلع کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔












