لاہور(پنجاب پوسٹ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا اور صدرِ مملکت کی درازیٔ عمر، صحت اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مفاہمتی سیاست کی بدولت ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک باکمال شخصیت اور اعلیٰ پائے کے سیاستدان ہیں جنہوں نے قومی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہر دور میں مشکلات کا سامنا کیا اور پیپلز پارٹی آج بھی جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اداروں کی مضبوطی، آئین و قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو اصولوں پر ڈٹ کر کھڑا ہونے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ "یس سر” کہنے والے نہیں بلکہ اصولی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔













