الخدمت کا "غزہ آوٹ ریچ پروگرام” پاکستان میں 38 گریجویٹس کی تعلیم، 13 ڈاکٹرز کی انٹرن شپ مکمل، 450 طلبا و طالبات کی تعلیم جاری

لاہور (پنجاب پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے پاکستان میں زیرِ تعلیم 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری (BDS) کی ڈگریاں مکمل کر لیں، جبکہ ایک سالہ کلینیکل ہاؤس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد بھی دی گئیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف لاہور میں ایک پروقار اور متاثر کن گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں فلسطینی طلبہ کی استقامت، عزم اور تعلیمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر الخدمت ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور محمد اویس رؤف، پرنسپل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، یونیورسٹی کی انتظامیہ، اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ، نقل مکانی اور غیر معمولی حالات کے باوجود فلسطینی نوجوانوں کی یہ کامیابی عزم، استقامت اور امید کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطینی طلبہ سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے اور حکومتِ پاکستان و قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے انہیں محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی مکمل بحالی تک نوجوانوں کی تعلیمی اور اخلاقی سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔


انہوں نے بتایا کہ الخدمت کے غزہ ہیلتھ آؤٹ ریچ پروگرام فار ایجوکیشن کے تحت اس وقت پاکستان میں 450 سے زائد جبکہ قاہرہ میں 38 فلسطینی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید نے الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی طلبہ کو اپنے بچوں کی طرح محبت، تحفظ اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ڈاکٹرز مستقبل میں غزہ کے زخمی اور بیمار عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر فلسطینی گریجویٹ احمد عطااللہ محمد جبر نے جذباتی انداز میں کہا کہ "پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں ملنے والی محبت، شفقت اور اپنائیت نے ہمیں مشکل حالات میں بھی حوصلہ دیا۔ ہم اپنے وطن واپس جا کر زخمی اور مظلوم ہم وطنوں کی خدمت کریں گے اور پاکستان کا یہ احسان کبھی نہیں بھولیں گے۔”
تقریب کے اختتام پر 38 فلسطینی گریجویٹس میں ڈگریاں اور ڈینٹل کٹس تقسیم کی گئیں، جبکہ ہاؤس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد سے نوازا گیا۔

WhatsApp Image 2026 07 28 at 3.54.43 PM
WhatsApp Image 2026 07 28 at 3.54.44 PM 1

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے