یو ای ٹی طالب علم کی ہلاکت کے بعد احتجاج، 25 طلباء کے خلاف سخت کارروائی

لاہور (پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں طالب علم کی ہلاکت کے بعد ہونے والے احتجاج میں شریک طلباء کو شدید تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاجی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیے گئے 25 طلباء کے خلاف مختلف نوعیت کی کارروائیاں عمل میں لائی ہیں۔

حکام کے مطابق 6 طلباء کو یونیورسٹی سے خارج کر دیا گیا ہے جبکہ 13 طلباء کو جاری سمسٹر سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 طلباء پر 5 ہزار سے 15 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

چند روز قبل یو ای ٹی کے ایک طالب علم کی ہلاکت کے بعد طلباء نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ مظاہرین نے واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور طلباء کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔ احتجاج کے دوران کیمپس میں کشیدگی کی صورتحال بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے انضباطی کارروائی کا آغاز کیا۔

ترجمان یو ای ٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات انضباطی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق تمام متاثرہ طلباء کو فیصلے کے خلاف اپیل کا مکمل حق حاصل ہے، اور اپیلوں پر یونیورسٹی قوانین کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

طلباء کی جانب سے اس کارروائی پر مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ حلقے اسے نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ضروری قرار دے رہے ہیں، وہیں کئی طلباء اس فیصلے کو سخت اور غیر منصفانہ بھی قرار دے رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے