لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب کے محکمہ توانائی نے ایک اہم مالی کامیابی حاصل کرتے ہوئے صوبے کی تاریخ میں منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔ قائد اعظم سولر پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ (QASPL) نے حکومت پنجاب کو 2 ارب روپے کے عبوری ڈیویڈنڈ کا چیک پیش کیا، جسے محکمہ توانائی کی مؤثر حکمت عملی اور کامیاب مالی نظم و نسق کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر سے سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی نے ملاقات کی، جس میں قائد اعظم سولر پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی کارکردگی، مالی کامیابیوں اور مستقبل کے توانائی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کمپنی کی پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کیو اے ایس پی ایل لمیٹڈ ایک منافع بخش اور مثالی ادارہ بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے 12 لاکھ رجسٹرڈ ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے 28 ارب روپے مل گئے
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں محکمہ توانائی کی مؤثر حکمت عملی کے باعث اربوں روپے کا منافع سرکاری خزانے میں جمع کرایا گیا، جس سے نہ صرف مالی وسائل میں اضافہ ہوا بلکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے بھی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔صوبائی وزیر کے مطابق محکمہ توانائی کی ذیلی کمپنیاں مستقبل میں توانائی کے نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گی، جبکہ سولر، ونڈ اور ہائیڈرو منصوبوں کے ذریعے پنجاب کو توانائی کے شعبے میں مزید خودکفیل بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ نجی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے کر توانائی کے شعبے میں ترقی کی رفتار مزید تیز کی جائے گی۔
















