ای چالان سے بچنے کی کوشش مہنگی پڑ گئی؟ بوگس نمبر پلیٹس پر کتنے قانون شکن بے نقاب ہوئے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) میں ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے جعلی، بوگس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے صرف دو ماہ کے دوران 88 مقدمات درج کر لیے، جبکہ ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف چالان بھی کیے گئے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق دو ماہ کی خصوصی مہم کے دوران بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر 88 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ بغیر نمبر پلیٹس یا "اپلائیڈ فار” نمبر پر چلنے والی 15 ہزار 974 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 9 ہزار 382 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔


انہوں نے بتایا کہ نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا، میڑھا، ٹوٹا ہوا رکھنے یا گاڑی کا ماڈل اور نمبر چھپانے پر مزید 9 ہزار 218 وہیکلز کو چالان کیے گئے۔ مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 50 ہزار سے زائد شہریوں کو قوانین سے آگاہ بھی کیا گیا تاکہ وہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں سے گریز کریں۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر کار مالکان کو 3 سے 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل سواروں کو ایک ہزار روپے تک جرمانہ کیا جاتا ہے۔ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کے بجائے نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد ای چالان سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر نمبر پلیٹس تبدیل یا خراب کرتے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس کا سہارا لیتے ہیں۔
لاہور ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ جن گاڑیوں پر ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق اصل نمبر پلیٹس نصب ہیں، انہیں کسی قسم کا چالان نہیں کیا جا رہا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے