پنجاب کے 7 اضلاع میں جان لیوا ٹریفک حادثات میں اضافہ، ٹریفک پولیس کا ہنگامی اقدامات کا حکم

لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب کے سات اضلاع میں جان لیوا ٹریفک حادثات میں اضافے کے بعد ٹریفک پولیس پنجاب متحرک ہوگئی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس پنجاب نے حادثات کی روک تھام کے لیے خطرناک مقامات کی نشاندہی، نگرانی تیز کرنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

ٹریفک حکام کے مطابق وہاڑی میں جان لیوا ٹریفک حادثات میں 133 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جھنگ میں یہ شرح 125 فیصد بڑھ گئی۔ میانوالی اور لودھراں میں جان لیوا حادثات میں 50، 50 فیصد اضافہ ہوا۔ حافظ آباد میں حادثات کی شرح 25 فیصد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 17 فیصد اور اوکاڑہ میں 10 فیصد بڑھ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں صحت سہولت کارڈ کی سروسز معطل کر دی گئی ہیں

ٹریفک پولیس پنجاب نے متعلقہ ضلعی ٹریفک افسران کو فوری حفاظتی اقدامات کرنے، ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی اور حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جان لیوا حادثات میں ملوث گاڑیوں کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ حادثات کے خطرناک مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ضلعی پولیس سمیت متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مؤثر بنایا جائے۔ ریجنل پولیس افسران کو حادثات کی روک تھام کے اقدامات کی باقاعدہ نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ٹریفک حکام کے مطابق حادثات کے مقامات، گاڑیوں کی اقسام اور حادثات کی وجوہات سے متعلق ڈیٹا متعلقہ اضلاع کو فراہم کردیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے ملتان، فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا کے ریجنل پولیس افسران کو مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے