پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پیرا سمیت مختلف محکموں کی اسامیوں کے لیے تحریری نتائج کا اعلان کر دیا

(پنجاب پوسٹ) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ، اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) سمیت حکومتِ پنجاب کے مختلف محکموں کی اسامیوں کے لیے ایک تحریری جبکہ دس حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے حکومتِ پنجاب کے مختلف محکموں کی اسامیوں کے ایک تحریری اور دس حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ، لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں سٹینو ٹائپسٹ کی 3 اسامیوں کے لیے 17 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں اور انہیں انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) اور بورڈ آف ریونیو کے مختلف عہدوں کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں ضلع سرگودھا کے لیے سارجنٹ کی 20 اسامیوں پر 20 امیدواروں کو حتمی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ ضلع ملتان میں سارجنٹ کی 14 اسامیوں پر 14 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ضلع چنیوٹ میں سارجنٹ کی 10 اسامیوں پر 10 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اسی طرح پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں ضلع لیہ میں سارجنٹ ڈرائیور کی 10 اسامیوں میں سے 2 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے جبکہ 8 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئیں۔ ضلع خوشاب میں 12 اسامیوں میں سے 2 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 10 اسامیاں خالی رہیں۔ ضلع فیصل آباد میں 19 اسامیوں میں سے 3 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 16 اسامیاں موزوں امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے خالی رہ گئیں۔

ضلع وہاڑی میں 10 اسامیوں میں سے ایک امیدوار کامیاب ہوا جبکہ 9 اسامیاں خالی رہیں۔ ضلع رحیم یار خان میں 12 اسامیوں میں سے ایک امیدوار کامیاب قرار پایا جبکہ 11 اسامیاں خالی رہ گئیں۔ ضلع جھنگ میں 12 اسامیوں میں سے ایک امیدوار کامیاب ہوا جبکہ 11 اسامیاں خالی رہیں۔ ضلع گوجرانوالہ میں 14 اسامیوں میں سے ایک امیدوار کامیاب قرار پایا جبکہ 13 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئیں۔

مزید برآں بورڈ آف ریونیو، پنجاب (ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ) میں ضلع چکوال کے لیے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیٹر کی ایک اسامی پر ایک امیدوار کو حتمی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویو کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر جلد اپ لوڈ کر دیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی مطلع کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اپنی اصل تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔ تمام نتائج پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے