تحریک انصاف نے پانچ اگست مینارِ پاکستان جلسے کیلئے درخواست دے دی

لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے ڈی سی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان میں جلسے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ہر سیاسی جماعت کو پرامن اجتماع کا حق دیتا ہے اور جمہوری نظام اسی آئین پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مینارِ پاکستان دستیاب نہیں تو انتظامیہ اس کی واضح وجہ بتائے، اور متبادل کے طور پر کسی اور مقام پر جلسے کی اجازت دی جائے۔ سلمان اکرم راجہ نے الزام عائد کیا کہ اس سے قبل جب درخواست دی گئی تو اسے وصول ہی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ دیگر جماعتوں جیسے جے یو آئی اور ایم ڈبلیو ایم کو جلسوں کی اجازت دی گئی، تو پی ٹی آئی کو کیوں نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سکیورٹی کو بنیاد بنا کر اجازت نہ دی گئی تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا اور پارٹی آئینی و قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ وہ جلسے میں عوامی مسائل، بے روزگاری اور پارٹی چیئرمین کی رہائی کے حوالے سے بات کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور اس پر پابندیاں لگانے کا مقصد حقائق کو چھپانا ہے۔

آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ افسران کسی دباؤ کے بغیر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو پرامن جلسے کی اجازت دیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے