بہاولنگر (پنجاب پوسٹ) مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے دریائے ستلج کے کنارے بھوکاں پتن کے مقام پر ضلع بہاولنگر اور ضلع پاکپتن کے درمیان مشترکہ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
مشترکہ مشق میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے اسسٹنٹ کمشنر عارف والا ثوبیہ فلک راؤ کے ہمراہ موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا، جبکہ ریسکیو بوٹ اسٹاف نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔
اس موقع پر ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس، ایمبولینسز، مواصلاتی نظام، مشینری اور دیگر امدادی آلات کی فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔ موک ایکسرسائز کے دوران سیلابی صورتحال میں شہریوں کے محفوظ انخلا، ریسکیو آپریشن اور ابتدائی طبی امداد کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران تمام محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، جبکہ تمام ریسکیو آلات، بوٹس اور مشینری کو ہر وقت فعال حالت میں رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔










