گندے انڈوں سے شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی کوشش؟ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

لاہور(پنجاب پوسٹ)صحت دشمن عناصر کی جانب سے گندے اور فنگس زدہ انڈوں سے بیکری آئٹمز تیار کرنے کا منصوبہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناکام بنا دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے 19 نائن آر کچا کھوہ میں واقع ایک بیکری پر اچانک چھاپہ مار کر 100 درجن سے زائد خراب اور بدبودار انڈے برآمد کر لیے، جنہیں فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزی پر بیکری مالک کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروا دی گئی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران بیکری کے سٹوریج ایریا سے بڑی تعداد میں فنگس زدہ، بدبودار اور مضر صحت انڈے برآمد ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ انہی خراب انڈوں سے کیک، رس، بسکٹ اور دیگر بیکری مصنوعات تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جو شہریوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی تھیں۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر موجود تمام خراب انڈوں کو تلف کر دیا اور فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر بیکری مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ مزید برآں، بیکری کی اصلاح اور تمام حفاظتی تقاضے پورے ہونے تک اس کی پروڈکشن بھی بند کر دی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کی تیاری میں جعل سازی، غفلت اور غیر معیاری اشیاء کے استعمال پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور پنجاب بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے