لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور فیلڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر واسا، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر بارشی صورتحال کی نگرانی اور نکاسی آب میں مصروف ہیں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق بارشی پانی کی مانیٹرنگ کے لیے 300 جدید کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اے آئی بیسڈ سسٹم سے مختلف علاقوں میں کھڑے پانی کی فوری نشاندہی کی جا رہی ہے۔ لاہور سمیت دیگر شہروں کے انڈر پاسز کی بھی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔
حکام کے مطابق ایک ہزار سے زائد مشینیں اور ہزاروں واسا اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں، جبکہ مون سون سے قبل 400 کلومیٹر سیوریج لائن، 750 کلومیٹر ڈرینز اور سوا دو لاکھ مین ہولز کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ بھی فعال ہیں، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات، بہاولنگر، جھنگ، پاکپتن، شیخوپورہ، راجن پور، ڈی جی خان، مری، چکوال، اٹک اور دیگر اضلاع میں واسا کی ٹیمیں بارشی پانی کے نکاس کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔
حکومتی اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جدید مشینری، اے آئی ٹیکنالوجی اور مؤثر رابطہ کاری کے باعث کئی شہروں میں بارشی پانی کی نکاسی پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ممکن بنائی گئی ہے۔













