لاہور (پنجاب پوسٹ) امریکی کانگریس کے دو رکنی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی سیکیورٹی نظام، اسمارٹ سرویلنس اور عوامی تحفظ کے ڈیجیٹل اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد میں امریکی کانگریس کے اراکین ریان زنکے (Ryan Zinke) اور مائیکل بامگارٹنر (Michael Baumgartner) شامل تھے، جن کا استقبال منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس اور چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے کیا۔
دورے کے دوران امریکی وفد کو جدید سرویلنس کیمروں، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اپ گریڈیشنز، اسمارٹ سیکیورٹی ماڈیولز اور پنجاب بھر میں اسٹریٹجک مانیٹرنگ کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔
وفد کو پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے فوری رسپانس میکانزم اور جدید سیکیورٹی نظام پر بھی بریفنگ دی گئی۔
امریکی وفد نے ویمن سیفٹی ایپ، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور دیگر ڈیجیٹل پبلک سیفٹی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے امریکی وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ اس موقع پر اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔













