لاہور کی ماتحت عدالتوں میں آج تیسرے روز بھی وکلاء کی جزوی ہڑتال جاری رہی۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بائیو میٹرک سسٹم کے خلاف ہڑتال کا اعلان پہلے سے کیا گیا ہے جس کے باعث عدالتی امور متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وکلاء عدالتوں میں جا کر جج صاحبان کو کمرہ عدالت میں بیٹھ کر کام کرنے سے روک رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث عدالتی کارروائی معمول کے مطابق انجام نہیں دی جا سکی اور متعدد مقدمات کو بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔
صدر لاہور بار کے مطابق بائیو میٹرک سسٹم کے خاتمے تک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بائیو میٹرک سسٹم ختم نہ کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
وکلاء برادری کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم میں ترمیم کی جائے اور اس حوالے سے بار کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے۔ بار کے عہدیداران کی جانب سے کسی بھی وکیل کو عدالت میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی جس کے باعث جزوی ہڑتال کا اثر برقرار ہے۔








