سیالکوٹ جلسہ: "چند بارشوں نے پنجاب حکومت کے دعووں کی حقیقت کھول دی”، گورنر پنجاب سلیم حیدر، 2 اگست کو "تیر” کی فتح کا دعویٰ

سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 36 جموں 3 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سیالکوٹ میں ایک بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ حسن نے خطاب کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کارکنوں کو انتخابی مہم تیز کرنے، ووٹ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد کی ہدایت کی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب حکومت اور مسلم لیگ (ن) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند بارشوں نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی دعووں کی حقیقت سب کے سامنے آشکار کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پنجاب کو پیرس بنانے کے دعوے کرتے تھے، چند بارشوں نے ان کے تمام اقدامات کو ناکام ثابت کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ غریب آدمی اپنے خاندان کی کفالت کرنے سے بھی قاصر ہو چکا ہے۔سردار سلیم حیدر خان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخاب جیت چکی ہے اور اب صرف رسمی کارروائی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 اگست کو ہر ووٹ پر تیر کا نشان لگے گا اور وہ عناصر جو عوام پر مسلط کیے گئے تھے، ان کا سیاسی خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر جا کر پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچائیں، ووٹ کی حفاظت کریں اور فارم 47 کی حفاظت پارٹی قیادت پر چھوڑ دیں۔گورنر پنجاب نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں، صرف آئی ایم ایف سے قرض لینے کا کشکول ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرض ملنے پر حکومت جشن مناتی ہے جبکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو موجودہ بحران سے صرف بلاول بھٹو زرداری ہی نکال سکتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے تھے کہ انتخاب میں ان کی کامیابی یقینی ہے، آج سیالکوٹ کا یہ بڑا عوامی اجتماع ان کے دعووں کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ برادری ازم کے بجائے نظریاتی سیاست کو ترجیح دی اور عہدے بھی میرٹ اور نظریات کی بنیاد پر دیے۔مرتضیٰ حسن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان سے جس سیاسی بیانیے کا آغاز کیا، آج اسی بیانیے کی بدولت وہاں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین ماضی کی سیاست کو زندہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت اور نظریاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے 1974 میں عوام کو ووٹ کا حق دلا کر ان کی سیاسی شناخت کو مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کارکن اختلافات بھلا کر ہمیشہ پارٹی پرچم تلے متحد ہوتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں بھی یہی اتحاد کامیابی کی ضمانت بنے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے