لاہور(پنجاب پوسٹ)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے ایکسپو سینٹر لاہور میں فیصل آباد ایکسپو کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر اور ملک کا اہم صنعتی مرکز ہے، جو قومی معیشت، ریونیو اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی برآمدات میں مزید اضافہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور حکومت صنعتکاروں کے ساتھ مل کر برآمدات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت بزنس کمیونٹی کے لیے ایسی پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے جن سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی مضبوط اور مستحکم معیشت کا دارومدار برآمدات پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف ترسیلات زر (ریمیٹنس) کے ذریعے معیشت کو دیرپا بنیادوں پر مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔ اس وقت بیرون ملک مقیم پاکستانی تقریباً 41 ارب ڈالر کی ریمیٹنس بھیج رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے، تاہم پاکستان کو معاشی خودمختاری حاصل کرنے کے لیے اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہے تو ایکسپورٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور ویتنام کی برآمدات پاکستان سے کہیں زیادہ ہیں، اس لیے ہمیں بھی عالمی منڈی میں اپنی مسابقت بڑھانے کی ضرورت ہے۔رانا تنویر حسین نے بتایا کہ حکومت نے 60 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کہنا ہے کہ یہ ہدف بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک بھی لے جایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق برآمدات میں اضافہ پاکستان کو آئی ایم ایف پر انحصار کم کرنے اور معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اس وقت امریکہ میں موجود ہیں اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے 10 ارب ڈالر کے حصول پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوش آئند امر یہ ہے کہ پاکستان کے تربیت یافتہ نوجوان دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، کیونکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی صنعت ٹیکسٹائل ہی ہے۔













