فیصل آباد(پنجاب پوسٹ)میں اندھے قتل کی واردات کا ڈرامائی انجام سامنے آ گیا، جہاں مقتول کے قریبی دوست ہی اس کے قاتل نکلے۔ تھانہ سرگودھا روڈ پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے قتل کی گتھی سلجھاتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ انکشاف ہوا کہ معمولی تنازع خونریز دشمنی میں بدل گیا۔
فیصل آباد کے تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے میں پیش آنے والے اندھے قتل کے مقدمے کو پولیس نے کامیابی سے ٹریس کر لیا۔ پولیس تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مقتول علی رضا کو قتل کرنے والے کوئی اور نہیں بلکہ اس کے اپنے دوست تھے۔
یہ بھی پڑھیں:بھیرہ: 30 سے زائد مسلح افراد کا کلہاڑیوں اور اسلحے سے غریب خاندان پر حملہ
پولیس کے مطابق ملزمان شاہد اور ذیشان کا مقتول علی رضا کے ساتھ چوری کے معاملے میں حصے کی تقسیم پر جھگڑا ہوا تھا۔ تنازع شدت اختیار کر گیا جس کے بعد ملزم شاہد نے علی رضا پر تیز دھار بلیڈ سے سر اور چہرے پر پے در پے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے تھے، تاہم ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ رضوان جاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنیکل وسائل، شواہد اور مسلسل تفتیش کی مدد سے اندھے قتل کی گتھی سلجھا کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "قاتل جتنا بھی شاطر ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔” انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔













