لاہور ( پنجاب پوسٹ )پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے 24 سے 27 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع م بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، پاکپتن اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ، جبکہ بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ملتان، خانیوال اور گرد و نواح میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور مون سون کا دوسرا اسپیل: کس علاقے میں کتنی بارش ریکارڈ ہوئی؟
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی ہیں جبکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب ، مون سون کا دوسرا سپیل، مری میں سڑک سرکنے کے واقعات، میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں ۔بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،











