لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے رہنما فیصل میر نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اجازت ملنے کے باوجود لاہور کی ضلعی انتظامیہ مینارِ پاکستان پر ہونے والے پیپلز پارٹی کے کنونشن میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔
فیصل میر کا کہنا تھا کہ کنونشن کے لیے لائی جانے والی کرسیاں، لائٹس، ساؤنڈ سسٹم اور دیگر سامان کو مینارِ پاکستان کے گیٹ پر روک لیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس جلسہ گاہ میں کام کرنے والے ورکرز کے شناختی کارڈ اور فون نمبر لے کر انہیں کام سے روک رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کی انتظامیہ اپنے طرزِ عمل سے یہ تاثر دے رہی ہے کہ وہ خود وزیراعلیٰ پنجاب سے زیادہ بااختیار ہے، حالانکہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نے خود انہیں بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے کنونشن کی اجازت دی جا چکی ہے۔
فیصل میر نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت جاری کریں کہ پیپلز پارٹی کے کنونشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود پیپلز پارٹی مینارِ پاکستان پر ہی اپنا کنونشن منعقد کرے گی اور اپنے جمہوری حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔













