لاہور(پنجاب پوسٹ) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر 25 جولائی کو مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد کارکنوں نے جلسہ گاہ پر انتظامات کا آغاز کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ارسال کیے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری نے انہیں جلسے کی اجازت سے آگاہ کیا ہے، جس کے بعد انتظامات کے لیے مینارِ پاکستان تک فوری رسائی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی۔
مینارِ پاکستان پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل میر نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کے لیے ایک دن درکار ہے اور اجازت دینے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے تعاون نہ کیا تو کارکن اپنے وسائل سے انتظامات مکمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات، 2 افراد جاں بحق، 44 زخمی
فیصل میر کے مطابق جلسے کے لیے 100 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ 26 جولائی کو رات 12 بج کر ایک منٹ پر صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر 24 فٹ بلند کیک کاٹا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 25 جولائی کو رات 8 بجے شروع ہونے والے جلسے سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے، جبکہ راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ اور قمر زمان کائرہ بھی شرکاء سے خطاب کریں گے۔ ان کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں سے کارکنوں کے قافلے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما مجید غوری نے کہا کہ جلسے کے اسٹیج کا سامان مینارِ پاکستان پہنچا دیا گیا ہے اور کارکن ہر موسم میں جلسے کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہیں۔














