اسلام آباد(پنجاب پوسٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جدید ترین 10 الیکٹرک بسیں بطور تحفہ آزاد جموں کشمیر روانہ کر دی ہیں۔ الیکٹرک بسوں کا قافلہ اسلام آباد سے مظفرآباد کے لیے روانہ ہوا، جبکہ بسوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی تصویر اور "آزاد کشمیر کے لیے تحفہ” کے الفاظ درج ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مظفرآباد میں اپنے پہلے انتخابی جلسے کے دوران آزاد کشمیر کے لیے جدید الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام سے کیا گیا وعدہ 48 گھنٹوں کے اندر پورا کرتے ہوئے 10 جدید الیکٹرک بسیں روانہ کر دیں، جنہیں جلد مظفرآباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر چلایا جائے گا۔














