لاہور (پنجاب پوسٹ) پی ڈی ایم اے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے دوران مخدوش اور بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث مختلف حادثات پیش آئے، جن میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 44 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث 8 مخدوش اور کچے مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون کا نیا اسپیل، اربن فلڈنگ کا خدشہ پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق متاثرہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر مخدوش عمارتوں، بجلی کی ٹوٹی تاروں اور نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔












