لاہور ( پنجاب پوسٹ ) بند روڈ پر بوبی پلازہ کے قریب ایک گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور کمسن بچی زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع صبح 6 بج کر 39 منٹ پر ریسکیو کنٹرول روم کو موصول ہوئی، جس کے بعد اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہو گئی۔ چھت گرنے کے باعث 18 سالہ میمونہ اور 8 سالہ مدیحہ ملبے تلے دب گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب بھرمیں 1086ٹریفک حادثات میں 11افراد جاں بحق1229زخمی، بڑی وجہ کیا تھی؟
اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں زخمیوں کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا اور موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں زخمی خاتون اور بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچی مدیحہ کو تشویشناک حالت کے باعث میاں منشی اسپتال ریفر کر دیا گیا، جبکہ میمونہ کو بھی علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائی میں پانچ ایمرجنسی گاڑیاں اور 18 ریسکیورز نے حصہ لیا۔ عینی شاہدین اور ریسکیو اہلکاروں کی تصدیق کے بعد آپریشن مکمل کر لیا گیا، کیونکہ مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔













