لاہور (پنجاط پوسٹ) نیب اور پاکستان ریلوے کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ریلوے کے زیرِ استعمال ایک لاکھ 14 ہزار ایکڑ اراضی کی ملکیت پاکستان ریلوے کے نام منتقل کر دی گئی ہے۔ اسے قومی اثاثوں کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ریلوے کے زیرِ استعمال ہزاروں ایکڑ اراضی کے ملکیتی ریکارڈ کی منتقلی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ ڈویژن کے لحاظ سے سب سے زیادہ اراضی ملتان ڈویژن کی منتقل ہوئی، جو 29 ہزار 454 ایکڑ ہے۔ اس کے بعد لاہور ڈویژن کی 19 ہزار 797 ایکڑ اور راولپنڈی ڈویژن کی 16 ہزار 114 ایکڑ اراضی ریلوے کے نام کی گئی۔
پشاور ڈویژن کی 14 ہزار 675 ایکڑ، کراچی ڈویژن کی 10 ہزار 970 ایکڑ، کوئٹہ ڈویژن کی 10 ہزار 771 ایکڑ اور سکھر ڈویژن کی 10 ہزار 717 ایکڑ اراضی کی ملکیت بھی پاکستان ریلوے کے نام منتقل کر دی گئی ہے۔ مغلپورہ ڈویژن کی ایک ہزار 26 ایکڑ اور سی ایف آئی کی 269 ایکڑ اراضی بھی اس میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی خصوصی توجہ سے ممکن ہوئی۔










