مون سون کا نیا اسپیل، اربن فلڈنگ کا خدشہ پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز کے دوران مون سون بارشوں کے نئے اسپیل اور بعض شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ پنجاب بھر میں احتیاطی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر حالیہ مون سون بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا، جس کے باعث شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بڑی حد تک محفوظ رکھا گیا۔


اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے، پی ڈی ایم اے، واسا، میونسپل کمیٹیاں، محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی ٹوٹی یا لٹکتی تاروں، کھڑے پانی، دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں سے دور رہیں، صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف مستند سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے