لاہور( پنجاب پوسٹ ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا، جس کے بعد ہیکرز ان کے نمبر سے مختلف افراد کو جعلی پیغامات بھیج کر مالی مدد اور رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہیکرز نے قمر زمان کائرہ کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک غیر قانونی رسائی حاصل کر کے ان کے رابطہ نمبروں پر موجود افراد کو مختلف بہانوں سے پیسے بھیجنے کی درخواستیں بھیجنا شروع کر دی ہیں۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام پیغامات جعلی ہیں اور ان کا قمر زمان کائرہ سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور: تبدیلیِ تفتیش بورڈ کا اجلاس، قتل اور اغواء سمیت 24 مقدمات کا جائزہ
بیان میں شہریوں، کارکنوں اور قمر زمان کائرہ کے تمام رابطہ کاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کے واٹس ایپ نمبر سے بینک اکاؤنٹ، ایزی پیسہ، جاز کیش یا کسی بھی قسم کی مالی معاونت کی درخواست موصول ہو تو اس پر ہرگز عمل نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی صورت اپنی ذاتی یا بینکاری معلومات شیئر کی جائیں۔
پیپلز پارٹی نے مزید کہا ہے کہ اگر کسی شخص کو قمر زمان کائرہ کے نمبر سے کوئی مشکوک پیغام موصول ہو تو اس کی تصدیق براہ راست فون کال کے ذریعے کی جائے، کیونکہ واٹس ایپ اکاؤنٹ اس وقت ہیکرز کے قبضے میں ہے۔
پارٹی نے اس واقعے کو سائبر فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر عوام کے اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ واٹس ایپ اکاؤنٹ کی بحالی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر لیا گیا ہے تاکہ ہیکرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔











