لاہور ر(پنجاب پوسٹ) شملہ پہاڑی چوک پر عوامی رکشہ یونین کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور پولیس کے مبینہ رویے کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کی
مظاہرین نے اے ایس پی ٹاؤن شپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں ایک رکشہ ڈرائیور پر مبینہ طور پر بدمعاشوں نے تشدد کیا، تاہم پولیس نے کارروائی کرنے کے بجائے متاثرہ ڈرائیور ہی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جو سراسر ناانصافی ہے۔
احتجاج میں شریک رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ پٹرول، ایل پی جی اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے ان کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رکشہ ڈرائیوروں کو آٹا، دال، چینی اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش سستی فراہم کی جائیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے اور انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ ڈی آئی جی آفس اور سی سی پی او آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے۔











