لاہور (پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عالمی سطح پر ایک اور شاندار کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ دبئی ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2026 میں سیف سٹی کو فرانزک ٹیکنالوجی، عوامی خدمات اور خصوصی افراد کی کارکردگی کی تین مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق 60 سے زائد ممالک سے موصول ہونے والی 700 سے زائد نامزدگیوں میں سے سیف سٹی نے تینوں کیٹیگریز میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنائی ہے۔ دنیا بھر کے پولیس اداروں اور ماہرین کے مقابلے میں یہ کامیابی پنجاب اور پاکستان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا عالمی اعزاز، آئی جی پنجاب کی ایم ڈی احسن یونس کو مبارکباد
سیف سٹی کا الیکٹرانک ڈیٹا اینالیسز سینٹر (EDAC) فرانزک سائنس کے عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب پانچ نامزدگیوں میں شامل ہے، جبکہ سیف سٹی کا "میرا پیارا سینٹر” پولیسنگ میں بہترین عوامی خدمات کے عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب پانچ اداروں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔ اسی طرح سیف سٹی کے پولیس کمیونیکیشن آفیسر فرحان علی خصوصی افراد کی بہترین کارکردگی کے عالمی ایوارڈ کیلئے ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔
مینیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی محمد احسن یونس نے اس کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2026 میں تین کیٹیگریز میں شارٹ لسٹنگ پاکستان اور پنجاب کیلئے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سیف سٹی کی مسلسل پذیرائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن کی عکاس ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی اور عوام دوست خدمات کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بچوں کے تحفظ اور خصوصی افراد کیلئے سیف سٹی کی کاوشوں کو عالمی پذیرائی مل رہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ کامیابیاں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہیں اور جدید پولیسنگ میں پنجاب کی شناخت کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔
















