پنجاب میں اب چالان ڈرائیونگ لائسنس پر نہیں بلکہ شناختی کارڈ کے ذریعے ہونگے، خصوصی مراسلے کی اہم ہدایات سامنے آگئیں

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں ٹریفک نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قانون کے مطابق بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی زیر صدارت ہونے والے پرفارمنس ریویو اجلاس میں تمام چیف ٹریفک افسران (CTOs)، ضلعی پولیس افسران (DPOs) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (DTOs) کو سخت ہدایات جاری کر دی گئیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ غفلت یا بدعنوانی کی صورت میں انچارج کے ساتھ سپروائزری اسٹاف بھی جوابدہ ہوگا۔
اجلاس میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے فیلڈ افسران کو سخت کارروائیوں کی ہدایت دی گئی۔ ہیلمٹ نہ پہننے، سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا اور ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لانا ہے۔


ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ صرف اہل اور تربیت یافتہ افراد ہی سڑکوں پر گاڑی چلانے کے مجاز ہوں۔ انہوں نے موبائل لائسنسنگ وینز کے مؤثر استعمال اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے پر بھی زور دیا، جبکہ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک سائنز، روڈ مارکنگ اور روڈ انجینئرنگ سے متعلق مسائل کو متعلقہ اداروں کے تعاون سے فوری حل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ ون ایپ کے مؤثر استعمال کے ذریعے انفورسمنٹ نظام کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو بہتر بنایا جا سکے۔حکام نے فیصلہ کیا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی جانچ کے لیے اب ڈرائیونگ لائسنس کے بجائے شناختی کارڈ (CNIC) نمبر استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے ون ایپ پر چالان، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر مجرمانہ ریکارڈ تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔ اس اقدام سے کارروائیوں میں شفافیت اور رفتار دونوں میں اضافہ متوقع ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کے ساتھ نرم، مہذب اور شائستہ رویہ اختیار کرے جبکہ بدعنوانی اور شہریوں سے ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبہ بھر میں یکساں قانون کے نفاذ کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور لائسنسنگ کے نظام میں شفافیت کے ساتھ سڑکوں پر قانون کی مکمل بالادستی قائم کی جائے۔ اجلاس میں جاری ہدایات پر عملدرآمد کا ہفتہ وار جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے