لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کے دوران وزیرآباد میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مبینہ ہنگامہ آرائی اور پولیس اہلکار کو زبردستی لے جانے کا واقعہ، احمد چٹھہ، ان کی اہلیہ، دیگر اہلخانہ سمیت 100 افراد کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے کے مطابق 16 ستمبر 2026 کو شام 4 بج کر 45 منٹ پر پولیس اہلکار کانسٹیبل مقدس علی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی کے سلسلے میں محفوظ گارڈن وزیرآباد کے قریب موجود تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد مسلح ڈنڈوں اور سوٹوں کے ساتھ موجود تھی، جو حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے جبکہ نادرا دفتر وزیرآباد روڈ کو مبینہ طور پر بلاک کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن میں 65 معلوم اور 25 سے 30 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین کو روکا گیا تو محمد احمد چٹھہ نے مبینہ طور پر للکارا کہ آج موقع بنا ہوا ہے، پولیس کو پی ٹی آئی سے زیادتی کا مزہ چکھا دو۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے گالم گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے پولیس پارٹی پر حملہ کیا اور دھکے دیے۔ فیاض احمد چٹھہ، مسلح گن مین اور دیگر ملزمان نے کانسٹیبل مقدس علی کو مبینہ طور پر مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی اغواء کرکے رفیق ولد شفیع کے گھر لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی محمد حنیف جٹ کا انتقال ،نماز جنازہ کب اور کہاں ہوگی ؟
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے کانسٹیبل مقدس علی سے سرکاری وائرلیس سیٹ اور اس کا پرس چھین لیا، جس میں سروس کارڈ، شناختی کارڈ، دیگر کاغذات اور 9 ہزار 700 روپے موجود تھے۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے مقدس علی کے کپڑے پھاڑ دیے اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے بدامنی پھیلائی، سرکاری ڈیوٹی میں رخنہ ڈالا، مزاحمت سرکار کی، پولیس پارٹی پر حملہ کیا، سرکاری وائرلیس سیٹ اور نقدی چھینی، روڈ بلاک کیا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا۔
پولیس کے مطابق تعزیرات پاکستان کی دفعات 7 اے ٹی اے، 382 ت پ، 365 ت پ، 353 ت پ، 186 ت پ، 341 ت پ، 431 ت پ، 148 ت پ، 149 ت پ اور 188 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔












