لاہور(پنجاب پوسٹ) میں ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ جدید اے این پی آر (ANPR) کیمروں کی مدد سے ای چالان نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کے جرمانے نادہندہ افراد تک پہنچ رہے ہیں۔ اسی مہم کے دوران نوانکوٹ میں ایک ایسا موٹرسائیکل سوار گوالہ پکڑا گیا جس پر ایک لاکھ روپے کے ای چالان واجب الادا تھے۔
ترجمان کے مطابق نوانکوٹ میں ٹریفک انسپکٹر ندیم اللہ نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک موٹرسائیکل سوار گوالے کو روکا۔ ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کے ذمے مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ روپے کے ای چالان بقایا تھے۔ ریکارڈ کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے صرف ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی ہی 50 مرتبہ کی، جس کے باعث اس کے خلاف بار بار ای چالان جاری ہوتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب بھرمیں 1086ٹریفک حادثات میں 11افراد جاں بحق1229زخمی، بڑی وجہ کیا تھی؟
ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو قبضے میں لے کر تھانہ نوانکوٹ پولیس اسٹیشن میں بند کر دیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان کی ادائیگی اور قانونی تقاضے پورے ہونے تک کارروائی جاری رہے گی۔لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر میں 20 سے زائد مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کے ذریعے خودکار انداز میں ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان خلاف ورزیوں میں ہیلمٹ نہ پہننا، سگنل کی خلاف ورزی، لین ڈسپلن کی خلاف ورزی، غیر نمونہ نمبر پلیٹ، اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، حفاظتی ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور ای چالان سے بچنے کے لیے ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد شہریوں کی اپنی حفاظت اور محفوظ ٹریفک نظام کے لیے ناگزیر ہے۔















