فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) فیصل آباد تھانہ روشن والا کے علاقے میں ہونے والے اندھے قتل کا پولیس نے سراغ لگا لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول شہزاد کو لڑکی سے تعلقات کی رنجش پر رات کی تاریکی میں قتل کیا گیا۔
پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم ندیم گِل اپنی کزن کو پسند کرتا تھا جبکہ مقتول شہزاد مسیح کے بھی اسی لڑکی سے تعلقات تھے، جس پر ملزم نے رنجش رکھتے ہوئے اسے قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بغیر لائسنس ڈرائیورز کے گرد گھیرا تنگ، ڈی آئی جی ٹریفک کے سخت احکامات
ایس ایچ او تھانہ روشن والا نے جدید ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی اور بلائنڈ مرڈر میں ملوث ملزم ندیم گِل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے خون آلود کپڑے اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر مقتول کو قتل کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے کہا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔












