لاہور (پنجاب پوست) پنجاب بھر میں ٹریفک حادثات کے تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ 86 فیصد خونی حادثات میں بغیر لائسنس ڈرائیورز ملوث ہیں، جبکہ صرف 14 فیصد حادثات ایسے ڈرائیورز سے منسلک ہیں جن کے پاس درست (ویلیڈ) ڈرائیونگ لائسنس موجود تھا۔
ٹریفک حکام کے مطابق کنٹرول روم کے ڈیٹا کی بنیاد پر رواں سال کے حادثات کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ بڑی تعداد میں ڈرائیور کمرشل کیٹیگری کا لائسنس نہ ہونے کے باوجود گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ساہیوال: کزن نے ڈائیلاسز کا بہانہ بنا کر 17لاکھ 57 ہزار لوٹ لئے
حکام کا کہنا ہے کہ ہر خونی حادثے کی تفصیلات، شواہد اور متعلقہ ڈرائیورز کا ریکارڈ ٹریفک پولیس خود جمع کرتی ہے، جبکہ حادثات میں ملوث ویلیڈ لائسنس ہولڈرز کے لائسنس بھی معطل کیے جا رہے ہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام ضلعی ٹریفک افسران کو خونی حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق شہریوں کو ہر کیٹیگری کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کم عمر افراد کی موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔













