لاہور(پنجاب پوسٹ) موٹروے پولیس نے ایک بار پھر دیانتداری اور عوامی خدمت کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے ایم تھری موٹروے پر گم ہونے والا تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا بیگ اصل مالک کے حوالے کر دیا، جس میں امریکی ڈالر، نقدی، آئی فون اور دیگر اہم دستاویزات موجود تھیں۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق لاہور سے ملتان جانے والے ایک شہری کا بیگ ایم-3 موٹروے کے ننکانہ صاحب سروس ایریا میں رہ گیا، جس میں 1200 امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے نقد، آئی فون، اے ٹی ایم کارڈز اور شناختی کارڈ موجود تھے۔
شہری کی جانب سے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر اطلاع ملتے ہی اہلکار فوری موقع پر پہنچے، بیگ اور تمام قیمتی سامان بحفاظت برآمد کر لیا۔ضروری تصدیق کے بعد تمام سامان اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا، جس پر شہری نے موٹروے پولیس کی دیانتداری، فرض شناسی اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔













