پنجاب میں بارش اور آندھی سے تباہی، مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق، 37 زخمی

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش اور آندھی کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو پنجاب کے ترجمان کے مطابق زیادہ تر حادثات دیواریں اور چھتیں گرنے کے باعث پیش آئے۔


ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں بارش کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے کے 8 مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ بارش اور کرنٹ لگنے کے 3 مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔ کامونکی میں انڈر پاس میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ بھی جان کی بازی ہار گیا۔

پاکپتن میں مکان کی کچی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جبکہ ساہیوال کے علاقے کوٹ خادم علی شاہ میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ہڑپہ میں دکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔


لاہور کے علاقے بند روڈ گلشن راوی کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین کے مختلف دیہات میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔


بہاولنگر کے خان بابا روڈ الجنت چوک کے قریب شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ سیالکوٹ میں ٹی آر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔ مری اور کہوٹہ میں جزوی لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
ریسکیو پنجاب کے ترجمان فاروق احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے