لاہور ( پنجاب پوسٹ ) دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور ہیڈ خانکی کے بعد ہیڈ قادرآباد پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ہیڈ قادرآباد پر پانی کی آمد 2 لاکھ 36 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے، جبکہ دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ بڑھ کر 73 ہزار 635 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بدستور نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
ادھر بلوچستان کے سبی ڈویژن میں دریائے لہڑی کے ہیڈ گوگی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 95 ہزار 913 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں دریائے چناب میں پھنس جانے والے تمام پانچ افراد کو ریسکیو 1122 نے بحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق پانچوں افراد کام کے سلسلے میں دریا کے پار گئے تھے، واپسی کے دوران ان کی کشتی خراب ہونے سے وہ دریا میں پھنس گئے تھے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلہ پاکستان کی طرف چھوڑا گیا، جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ، وزیرآباد اور ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات تیز کرنے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔













