لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ آبپاشی پنجاب نے دریاؤں کی تازہ صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق دریائے چناب میں خانکی اور قادرآباد بیراج پر بلند درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ مرالہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مرالہ بیراج پر ایک لاکھ 94 ہزار 452 کیوسک پانی کی آمد اور ایک لاکھ 74 ہزار 452 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا۔ خانکی بیراج پر دو لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک آمد اور دو لاکھ 56 ہزار 63 کیوسک اخراج کے باعث بلند درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ قادرآباد بیراج پر دو لاکھ 67 ہزار 159 کیوسک پانی کی آمد اور دو لاکھ 52 ہزار 159 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا۔ کیو بی لنک نہر میں 15 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: دریائے چناب سے اس وقت کتنے کیوسک پانی گزر رہا ہے؟
دوسری جانب دریائے راوی میں مجموعی طور پر صورتحال مستحکم ہے۔ کوٹ نینا، جسڑ، راوی سائفن، شاہدرہ اور سدھنائی بیراج پر پانی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے، جبکہ بلوکی ہیڈورکس پر کم درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق راوی میں پانی کی سطح مجموعی طور پر مستحکم ہے اور بعض مقامات پر کمی کا رجحان بھی دیکھا جا رہا ہے۔











