دریائے چناب سے اس وقت کتنے کیوسک پانی گزر رہا ہے؟

وزیرآباد(پنجاب پوسٹ) مون سون بارشوں کی شدت کے باعث کشمیر، بھارت اور پاکستان کے بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جبکہ دریائے چناب میں نو لاکھ کیوسک کے بڑے سیلابی ریلے کے گزرنے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔


ضلعی انتظامیہ وزیرآباد نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مساجد میں اعلانات کروا دیے ہیں اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں، خصوصاً بیلہ کے دیہی علاقوں کے مکینوں، مویشی پال حضرات اور زمینداروں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔


محکمہ انہار کے مطابق اس وقت دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ، خانکی اور قادر آباد بیراج کے مقامات پر نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔


اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 132,169 کیوسک جبکہ اخراج 113,169 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ خانکی بیراج پر پانی کی آمد 156,093 کیوسک اور اخراج 150,243 کیوسک ہے، جبکہ قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 162,039 کیوسک اور اخراج 143,539 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔


انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دریا کے کناروں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے