لاہور: (پنجاب پوسٹ) سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے تاجپورہ کا دورہ کر کے جاری نکاسیٔ آب آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بریفنگ دی گئی کہ تاجپورہ میں کم وقت میں 252 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باوجود واسا کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور ڈی واٹرنگ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب، 24 گھنٹوں کے دوران مون سون نے صوبے میں کتنا نقصان کیا؟ تمام تفصیلات سامنے آگئیں
نورالامین مینگل نے بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے، نشیبی علاقوں سے جلد از جلد پانی نکالنے اور تمام مشینری کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تاجپورہ میں 32 لاکھ گیلن گنجائش کے انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک کا بھی دورہ کیا اور پمپنگ مشینری و فیلڈ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جبکہ مون سون کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل رابطہ کاری کے ساتھ فیلڈ میں متحرک ہیں۔












