لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب اور برطانوی ہائی کمیشن لاہور مل کر ثقافت کے شعبے میں کام کر سکتے ہیں، پنجاب میں فیملی تھیٹر کو بحال کیا جا رہا ، تھیٹر کی بحالی اور فحاشی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات ہیں۔
گزشتہ روز ان سے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، تھیٹر کی بحالی، محفوظ بسنت اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ بھی موجود تھے۔
برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے ثقافتی شعبے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو سراہا اور پنجاب میں محفوظ بسنت میلے کے کامیاب انعقاد کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے الحمرا آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں بسنت 2027 کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں، گزشتہ سال بھی لاہور میں بہت اچھی بسنت منائی گئی۔











