لاہور ( پنجاب پوسٹ )درخواست پی ٹی آئی لاہور کے صدر میاں اکرم عثمان کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جمع کرائی گئی، جس میں مینارِ پاکستان یا عوامی رسائی کے حامل کسی متبادل مناسب مقام پر جلسے کی اجازت (این او سی) جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست کے مطابق جلسہ 5 اگست 2026 کو شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ملک بھر سے بڑی تعداد میں کارکنوں اور عوام کی شرکت متوقع قرار دی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کا آئین پرامن اجتماع، نقل و حرکت، اظہارِ رائے اور تنظیم سازی کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، لہٰذا پی ٹی آئی کو جلسے کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔
پی ٹی آئی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلسے کے دوران تمام قانونی تقاضوں، ضابطہ اخلاق، سیکیورٹی ہدایات اور ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون بھی فراہم کیا جائے گا۔
درخواست میں ضلعی انتظامیہ سے جلد این او سی جاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بروقت اجازت ملنے سے سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جا سکیں گے۔










