لاہور (پنجاب پوسٹ) بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولنے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی، جس کے پیش نظر محکمۂ ایریگیشن پنجاب نے سیالکوٹ اور وزیر آباد سمیت دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں میں سیلابی ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمۂ ایریگیشن کے مطابق سلال ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے چناب سے اس وقت کتنے کیوسک پانی گزر رہا ہے؟
اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد جواد پیرزادہ نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلہ دریائے چناب میں وزیر آباد کے مقام پر پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے بڑے سیلاب کے خدشے سے آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انتظامیہ نے دریائے چناب کے کنارے آباد شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی اطلاع کی صورت میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔











