دریائے چناب میں سیلاب کی خبروں کی حقیقت کیا ہے؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب میں 9 لاکھ کیوسک پانی کے ریلے سے متعلق سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں 9 لاکھ کیوسک پانی کے ریلے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، عوام غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر ہرگز کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب، محکمہ آبپاشی، ارسا (IRSA) اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جبکہ دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی صورتحال پر چوبیس گھنٹے کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ تقریباً 1 لاکھ 52 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے 9 لاکھ کیوسک کے دعوے سے یکسر مختلف ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ذمہ دارانہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں، افواہوں پر یقین نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی یا سیلابی صورتحال سے متعلق مستند معلومات صرف پی ڈی ایم اے اور متعلقہ سرکاری اداروں کے آفیشل ذرائع سے حاصل کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں مون سون کی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر بروقت حفاظتی اقدامات اور الرٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے