شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ)میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب کا ایک اور بہادر سپاہی وطن پر قربان ہوگیا۔ سی سی ڈی شیخوپورہ کا کانسٹیبل ساغر نشان خفیہ اطلاع پر ریکی کے دوران خطرناک گروہ کی فائرنگ کا نشانہ بنا اور شدید زخمی ہونے کے بعد دورانِ علاج شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگیا۔
ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق کانسٹیبل ساغر نشان خفیہ اطلاع پر شیخوپورہ میں مشتبہ ملزمان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ریکی کر رہا تھا کہ اس دوران خطرناک جرائم پیشہ گروہ نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل ساغر شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر شیخوپورہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹروں نے کانسٹیبل ساغر کی جان بچانے کے لیے بھرپور طبی کوششیں کیں، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔ ان کی شہادت پر سی سی ڈی پنجاب کے افسران اور اہلکاروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان سی سی ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید کانسٹیبل ساغر نشان ایک نہایت بہادر، فرض شناس اور پیشہ ور اہلکار تھا جس نے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل ساغر نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور اس کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سی سی ڈی کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور جرائم کے مکمل خاتمے تک سی سی ڈی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھی وطنِ عزیز کو جرائم سے پاک بنانے کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔













