لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب کے روایتی اور مقبول کھیل کبڈی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے ملک میں پاکستان کبڈی لیگ کے انعقاد کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ لیگ کے ذریعے نہ صرف کبڈی کو نئی شناخت ملے گی بلکہ قومی سطح پر اس کھیل کو مزید فروغ دینے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کبڈی لیگ کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن لیگ کے تمام انتظامی اور تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دے رہی ہے، جبکہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران لیگ کے شیڈول اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے 10 ڈویژن کے 485 دیہات کیسے ماڈل ویلج بنائے جائیں گے؟
پاکستان کبڈی لیگ میں ملک بھر سے نامور اور باصلاحیت مقامی کھلاڑی حصہ لیں گے، جبکہ لیگ کو بین الاقوامی رنگ دینے کے لیے غیر ملکی کبڈی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مقابلوں کا تجربہ حاصل ہوگا بلکہ کبڈی کے کھیل کو بین الاقوامی سطح پر بھی مزید پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔
کھیلوں کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کبڈی لیگ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا، جبکہ پنجاب کے روایتی کھیل کو نئی زندگی ملنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔














