لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کے ہسپتالوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مناواں کا اچانک دورہ کیا اور گزشتہ دورے میں جاری احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران خواجہ عمران نذیر نے ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز، فارمیسی اور لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ ہسپتال میں ادویات کی دستیابی اور سروس ڈیلیوری کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر اے ایس ٹیکنیکل، سی ای او ہیلتھ اور ہسپتال انتظامیہ بھی موجود تھی۔
صوبائی وزیر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال مینجمنٹ سسٹم فعال ہے اور رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے کیمرے بھی ورکنگ کنڈیشن میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر وائی ڈی اے پنجاب کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ختم، محکمہ صحت کا نوٹیفکیشن جاری
خواجہ عمران نذیر نے جینیٹوریل اسٹاف اور سیکیورٹی گارڈز سے تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں اور متعلقہ حکام کو ہسپتال میں کیتھ لیب کے قیام کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ٹی ایچ کیو مناواں میں ڈائیلاسس سینٹر اور تھیلیسیمیا وارڈ کے قیام پر بھی غور کرنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ سروس ڈیلیوری میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔








