لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے صدر وائی ڈی اے پنجاب ڈاکٹر محمد شعیب خان کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ختم کر دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹر محمد شعیب خان کو دورانِ ٹریننگ وصول کی گئی تنخواہ اور وظیفہ واپس کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ انہیں سپر اسپیشلٹی ریزیڈنسی پروگرام سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، انہیں دو سال تک پنجاب ریزیڈنسی پروگرام میں دوبارہ درخواست دینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تقرری، جوڈیشل کمیشن نے کتنے ناموں کی منظوری دی؟
مراسلے کے مطابق سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض پوسٹ کے معاملے پر محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی، جس کے دوران متعدد شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے اور ذاتی سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر ڈاکٹر شعیب خان کو دوبارہ سماعت کا موقع دیا گیا، تاہم وہ مؤثر دفاع پیش نہ کر سکے، جس کے بعد ٹریننگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔حکام کے مطابق فیصلے میں پیرنٹ محکمے سے ڈیپوٹیشن نہ لینے کا معاملہ بھی شامل تھا۔








