لاہور: ملت پارک میں موٹرسائیکل چوری کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی

لاہور (پنجاب پوسٹ ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ملت پارک میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعے میں اسلام آباد کالونی کے رہائشی قاسم ارشاد کی موٹرسائیکل نامعلوم چور دن دہاڑے چوری کرکے فرار ہوگیا، جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزم پینٹ شرٹ اور ٹوپی پہنے ہوئے تھا جبکہ اس نے شناخت چھپانے کے لیے اپنے چہرے کو کپڑے سے ڈھانپ رکھا تھا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم پہلے اطراف کا جائزہ لیتا ہے، پھر انتہائی اطمینان کے ساتھ موٹرسائیکل کے قریب پہنچتا ہے اور چند لمحوں میں موٹرسائیکل لے کر موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔

متاثرہ شہری قاسم ارشاد کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر تھانہ ملت پارک پولیس کو دی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم واردات کے کئی روز گزرنے کے باوجود نہ تو موٹرسائیکل برآمد ہو سکی اور نہ ہی ملزم گرفتار کیا جا سکا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ شہریوں نے پولیس کے گشت میں اضافے، سیف سٹی کیمروں کی مؤثر مانیٹرنگ اور چوروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے