ساہیوال(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ڈی پی ایس ساہیوال کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کے جونیئر بوائز سیکشن کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان، متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے مختلف کلاس رومز، واش رومز، کمپیوٹر لیب، واٹر کولرز، بجلی کی وائرنگ اور دیگر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہر منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ لی۔
کمشنر نے وائٹ واش، واش رومز کی مرمت، کمپیوٹر لیب کی اپ گریڈیشن، طلبہ کے لیے ٹھنڈے پانی کے جدید واٹر کولرز کی تنصیب، محفوظ اور معیاری بجلی کی وائرنگ سمیت تمام ضروری مینٹیننس کے کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بچوں کو جدید، محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی ایس ساہیوال شہر کے نمایاں تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے، اس لیے یہاں بنیادی سہولیات کی بہتری اور تعلیمی معیار میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور مرمتی کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر طلبہ کو بہتر، محفوظ اور جدید تعلیمی ماحول میسر آ سکے، جہاں وہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔








